
اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے گوجر خان یونین کونسل پنجگراں کی مشہور و معروف سیاسی شخصیت سابق امیدوار جموں 6 کوارڈینیٹر پی ٹی آئی پنجاب راجہ امجد پہلوان آف تراکوال اور راجہ اشتیاق نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران راجہ امجد پہلوان آف تراکوال اور راجہ اشتیاق نے راجہ پرویز اشرف سے والہانہ وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو خیر آباد کہہ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، مشیر وزیراعظم سردار سلیم حیدر، چیئرمین پی پی پی یونین کونسل پنجگراں چوہدری مناظر نواز مغل رانا مسعود بھی ہمراہ موجود تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کرتے ہیں۔ پارٹی میں نئے شمولیت اختیار کرنے والوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ گوجر خان کی عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ہمیشہ عزت بخشی ہے جس کے نتیجے میں پارٹی قیادت نے بھی گوجر خان کی عوام کو مایوس نہیں کیا۔ پارٹی قیادت نے گوجر خان کی عوام سے گہری وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے مجھے بطورِ وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کے آئینی عہدوں کی ذمہ داری سے نوازا ہے۔ گوجر خان کی عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ موجودہ پارلیمان عوامی اہمیت کے حامل اہم معاملات کے لیے قانون سازی کر رہی ہے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی میں پی ٹی آئی کو چھوڑ کر نئے شمولیت اختیار کرنے والے زعما نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا مقصد علاقے کی عوام کے مسائل اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت ملک میں عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں وہ علاقے کی عوام کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔