
لاہور(پی این پی )پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینئر رہنما اور وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ رات کو پرویز الٰہی کی سالی جو چودھری شجاعت کی بہن اور میری پھوپھو بھی ہیں اور ساتھ میں پرویز الٰہی کا وکیل بھی تھا وہ پولیس کو بار بار کہہ رہے تھے کہ پرویز الٰہی میرے والد کے گھر میں ہیں اسلئے انکے گھر کا دروازہ توڑا جائے یہ گھر کے اندر بھی سیاست ہورہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری سالک حسین نے کہا کہ رات کے کھانے کے بعد اپنے والدین کے گھر ہی موجود تھا تقریباً ساڑھے دس گیارہ بجے وہ آرام کرنے چلے گئے تو میں اپنے گھر آگیا،میرا گھر میرے والدین کے گھر کےساتھ ہی ہے ،تھوڑی دیر بعد مجھے بہت زیادہ شور کی آواز سنائی دی میرا باہر نکلا تو گھر کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری موجود تھی ،ان کے ساتھ پرویز الٰہی کی سالی اور ان کا وکیل عامر راں کھڑا ہوا تھا اور وہ پولیس والوں کو بار بار کہہ رہے تھے کہ پرویز الٰہی اس گھر میں (چودھری شجاعت ) کے گھرموجود ہیں ۔چودھری سالک نےکہا کہ میں نے پولیس والوں کو یقین دلایا کہ پرویز الٰہی یہاں نہیں ہیں ،اندر میں کسی کو نہیں آنے دوں گا ،پرویز الٰہی کی سالی بار بار پولیس والوں کو کہہ رہی تھیں کہ اندر ہی ہیں دوازہ توڑیں ، میں اس بات پر حیران ہوں۔چودھری سالک حسین نے
مزید کہا کہ مجھ پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ میں نے یہ سب کچھ کرایا ،اگر میرے اختیار میں بھی ہو تب میں یہ کام نہ کرائوں گا۔