
وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں بھارہ کہو بائی پاس پر زیر تعمیر پل کے گریڈرز گر گئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق چھوٹی ٹریفک کے بہا کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک اہلکار موجود ہیں جبکہ ریسکیو عملہ بھی پہنچ گیا ہے۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق بھارہ کہو بائی پاس پر پانچ گریڈرز دو روز قبل رکھے گئے، آخری گریڈر لانچنگ کے دوران گر گیا جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ گریڈر کے گرنے کی وجہ کا تعین کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں بہارہ کہو بائی پاس کا زیر تعمیر پل گرگیا۔۔ pic.twitter.com/rBydGZ0J2j
— Pak Affairs (@realpakaffairs) March 2, 2023
میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کا کہنا تھا کہ گریڈر پل پر کرین سے رکھتے ہوئے گرا ہے البتہ گریڈر گر کر ٹوٹنے کا علم نہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن ریٹائرڈ نورالامین نے بتایا کہ ممبر انجینئرنگ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ہے جن سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی ہے۔ آخری گریڈر انسٹال کرتے یہ غیر متوازن ہوا اور باقی چار بھی گرے۔
کیپٹن ریٹائرڈ نورالامین نے مزید بتایا کہ پہلے والے واقعے کی رپورٹ مل گئی ہے اور پہلا واقعہ ٹریفک مینجمنٹ کی غلطی کا نتیجہ تھا۔
چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ تازہ واقعے میں ٹریفک روک کر گریڈرز انسٹال کرنے کی ہدایت تھی، ٹریفک روک کر گریڈرز رکھنے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پہلے واقعے پر ٹریفک پولیس کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔ کرین سلپ کی وجہ سے واقعہ پیش آیا، انکوائری کرنے کے آرڈر کر دیے ہیں۔
سی ڈی اے حکام نے 23مارچ تک بھارہ کہو زیر تعمیر پل منصوبے کی تکمیل کا سی ڈی اے کو الٹی میٹم دے رکھا تھا، منصوبہ مکمل کرنے کے لیے اپریل تک کا وقت مانگا گیا تھا لیکن منصوبے پر جلد بازی میں کام کرنے کی وجہ سے ایک بار پھر نقصان ہوا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 23 مارچ کو اس کا افتتاح کرنا ہے۔