
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ(ق) شعبہ خواتین کی صدر اور رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان نے چودھری شجاعت حسین کو پارٹی کا صدر برقراررکھنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو انصاف کی فتح قرار دیا ہے ۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسزفرخ خان نے کہاکہ چودھری شجاعت حسین بزرگ، زیرک اور بصیرت رکھنے والے سیاست دان ہیں اور قومی سیاست میں ان کے کردارکے مخالفین بھی معترف ہیں۔انہوں نے کہاکہ چودھری شجاعت حسین نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور وہ اپنی کہی گئی ہر بات اور وعدے پر کاربند رہے ہیں چاہے اس کے لئے انہیں کوئی نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑا ہو۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کے مخلص کارکنان کوپارٹی میں دھڑے بندی سے تشویش لاحق ہے ،امید ہے کہ اندرونی اختلافات کو جلد خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے فارغ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین کو صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے چوہدری وجاہت حسین کو نیا صدر بنا یا گیا تھا۔اسی اجلاس میں طارق بشیر چیمہ کو ہٹا کر کامل علی آغا کو مرکزی سیکریٹری جنرل بنایا گیا تھا۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ نے مسلم لیگ ہاؤس میں ہونے والے مذکورہ اجلاس کو جعلی قرار دیتے ہوئے اس کے فیصلوں کو مسترد کر دیا تھا۔