
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین کی سالگرہ پر ان کی رہائش گاہ پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی رہنمائوں فرخ خان ، رضوان صادق خان ،محمد یوسف خان ہوتی،عظائم چودھری ،فوزیہ ناز، آمنہ خانم ، مہرین آدم ملک ، کرنل (ر) زاہد خان ، لبنیٰ قریشی سمیت دیگر نے کیک کاٹا۔ تقریب میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر پارٹی قائد چودھری شجاعت حسین کی صحت وتندرستی کےلئے خصوصی دعا کی گئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) شعبہ خواتین فرخ خان نے چودھری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ان کی عمر درازی کی دعا کی ۔ فرخ خان نےکہا کہ چودھری شجاعت حسین ملک میں مفاہمت کی سیاست کی علامت ہیں ،چودھری شجاعت حسین ایک زیرک سیاستدان ہیں جن کی وضع داری اور سیاسی رواداری کا ہر ایک معترف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ چودھری شجاعت حسین کا سایہ پارٹی ،کارکنان،محب وطن پاکستانیوں پر تادیر قائم رہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان مسلم لیگ اسلام آباد رضوان صادق خان نے کہا کہچودھری شجاعت حسین سینئر سیاستدان ہیں اور ان کی جتنی سیاست ہے وہ ملکی مفاد کےلئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ قائداعظم محمد علی جناح کی جماعت ہے اور اس کے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین ہیں ، پاکستان مسلم لیگ چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت قائم دائم ہے ،الیکشن کمیشن میں بھی ،آئینی طور پر بھی چودھری شجاعت ہی پارٹی کے صدر ہیں اور سارے کارکنان ان کی صدارت میں متحد ہیں ۔رضوان صادق خان نے چودھری شجاعت حسین کی صحت کےلئے دعا بھی کی ۔