
نامورپاکستانی اداکارہ یمنی زیدی اپنی باکمال صلاحیتوں اور جاندار اداکاری کی وجہ سے ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنی ہوئی نظر آرہی ہیں۔اداکارہ یمنی زیدی کے گزشتہ روز اختتام پذیر ہونے والے ڈرامے پری زاد کی آخری قسط میں شاندار اداکاری کی بدولت انہیں سراہا جا رہا ہے ۔ پاکستانی ڈراما پری زاد کی آخری قسط منگل کی شب نشر ہوئی تو دل تھوڑا ڈرا ہوا تھا۔اس انجانے خوف کی وجہ ڈرامے کے مصنف ہاشم ندیم کا ٹریک ریکارڈ تھا یعنی خدا اور محبت کی طرح ان کی بیشتر کہانیوں کا اختتام ٹریجڈی پر ہوتا ہے لیکن پاکستان اور دنیا بھر میں دھوم مچانے والے پری زاد کی ہیپی اینڈنگ (خوشگوار اختتام)دیکھ کر دل بھی ہیپی ہیپی ہو گیا۔30 اقساط پر مشتمل یہ ڈراما گہری رنگت والے کردار پری زاد کی زندگی کے گرد گھومتا ہے، جسے احمد علی اکبر نے نبھایا ہے اور کیا خوب بنھایا ہے کہ لوگ عام زندگی میں بھی پری زاد کی مثالیں دینے لگے ہیں۔ڈرامے کی آخری قسط کو سینیما گھروں میں دکھائی گئی تھی، اس لیے اس کے کئی مناظر کی تصاویر پہلے ہی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں اور صارفین اس کے اختتام کے بارے میں بھی باتیں کر رہے تھے لیکن ہم نے ان پر کان نہیں دھرا کیوں کہ اس سے سسپنس کا سارا مزہ کرکرا جو ہو جاتا۔یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ منگل کی شامیں اب پہلے جیسی نہیں ہوں گی جب ہمارا پورا خاندان ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر پری زاد کا انتظار کرتا تھا۔