
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی 76ویں سالگرہ پر دنیا بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پارٹی قائد چوہدری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی اور کیک بھی کاٹے گئے ۔مرکزی تقریب چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ اسلام آباد میں کی گئی جہاں ان کے بھتیجے رکن قومی اسمبلی چوہدری حسین الٰہی نے کیک کاٹا اور چچا کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ چوہدری حسین الٰہی نے اس موقع پر دنیا بھر سے تمام لیگی رہنمائوں اور کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے چوہدری شجاعت حسین کی سالگرہ پر تقریبات کا انعقاد کیا۔ تقریبات میں مسلم لیگی رہنمائوں اور کارکنان کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کو شاندار سیاسی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔پارٹی رہنمائوں اور کارکنان نے دعا کی کہ اللہ رب العزت انہیںجلد صحت و تندرستی عطا فرمائے اور انکا سایہ پارٹی پر سلامت رکھے، وہ ملک و قوم کا اثاثہ اور محب وطن قومی راہنما ہیں۔