
اسلام آباد،پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین 76برس کے ہو گئے ۔ سالگرہ ملک بھر میں انتہائی سادگی سے منائی جائے گئی ۔تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین 27جنوری1946کو گجرات میں پیدا ہوئے ۔ ان کا شمار چند اہم ترین سیاست دانوں میں ہوتا ہے، وہ وزیر داخلہ اور وزیر اعظم رہ چکے ہیں اور اس وقت مسلم لیگ (ق)کے صدر ہیں۔چودھری شجاعت حسین کا تعلق گجرات کے جاٹ خاندان سے ہے جو قومی سیاست میں سرگرم ہیں۔چودھری شجاعت حسین گجرات کے چودھری ظہور الہی کے بیٹے ہیں ،چوہدری شجاعت حسین نے اپنے والد کی وفات کے بعد سیاست میں قدم رکھا اور مجلس شوری کے رکن رہے۔ 1985 کے انتخابات میں وہ پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور وزیر اعظم محمد خان جونیجو کی کابینہ میں وزیر صنعت رہے۔ ان کے کزن چودھری پرویز الہی پرویز مشرف دور میں پنجاب کے وزیر اعلی رہ چکے ہیں اور اب اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے پر فائز ہیں ۔پارٹی رہنمائوں چوہدری امتیاز احمد رانجھا، مصطفی ملک ، مسز فرخ خان ، زبیر خان ، فیاض تبسم ، محمد یوسف خان ہوتی ،فوزیہ ناز، اعظام الہی ، برات جان اور مسلم لیگ برطانیہ کے رہنما راجہ شکیل حیدر ،مسلم لیگ (ق) ناروے کے صدر چوہدری محمد رزاق، مسلم لیگ ساؤتھ افریقہ کے صدر ماجد مکیانہ سمیت دیگر نے پارٹی قائد چوہدری شجاعت حسین کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ایک عظیم لیڈر اور مدبر سیاستدان ہیں جنہوں نے ہمیشہ ملکی اور قومی مفاد کو پروان چڑھایا،انہوں نے نظریہ پاکستان اور اسلامی قوانین کے تحفظ کے لئے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے مسائل پر بھی بھرپور آواز اٹھائی ۔انہوں نے کہا کہ بہت سے قومی ایشوز پر چوہدری شجاعت حسین نے اپنی ذات ، پارٹی کی پروا کئے بغیر اسلام ، پاکستان اور قومی نظریے کو فوقیت دی ۔ خیال رہے چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت ان دنوں ناساز ہے اور پنجاب ، سندھ ، بلوچستان ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں چوہدری شجاعت حسین کی سالگرہ انتہائی سادگی سے منائی جائے گی اور کارکنان اپنے قائد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا ئیہ تقریبات کا اہتمام بھی کریں گے ۔