
سلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ق)ناروے کے صدر چوہدری محمد رزاق نے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج بننے پر مبارکباد دی۔تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے جسٹس عائشہ ملک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔چوہدری محمد رزاق نے کہا کہ جسٹس عائشہ اے ملک عدلیہ کے لیے بہترین اثاثہ ثابت ہو ں گی ۔انہوں نے کہا کہ جسٹس عائشہ کے کیریئر اور عزم پاکستان اور دنیا کی خواتین کیلئے ایک مثال ہے۔صدر پاکستان مسلم لیگ ناروے نے اس امید کا اظہار کیا کہ جسٹس عائشہ ملک اپنے عہدے پر رہتے ہوئے انصاف کی بہترین مثال قائم کریں گی۔
خیال رہے کہ جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج جسٹس عائشہ ملک سے عہدے کا حلف لیا۔جسٹس عائشہ ملک 27 مارچ 2012 کو بطور جج لاہور ہائیکورٹ تعینات ہوئیں، لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عائشہ ملک نے تقریبا 10 سال فرائض سر انجام دیے۔جوڈیشل کمیشن نے 6 جنوری 2022 کو جسٹس عائشہ ملک کی تعیناتی کی سفارش کی تھی، جوڈیشل کمیشن کی سفارش کے بعد پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری نے ان کی تعیناتی کی حتمی منظوری دی تھی۔سپریم کورٹ میں مقررہ 17 ججز میں سے جسٹس مشیر عالم کی 17 اگست کو ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہونے والی نشست پر جسٹس عائشہ ملک کی تعیناتی ہوئی ہے۔