
زیادتی کیس میں قومی کرکٹریاسرشاہ کا نام ایف آئی آر سے خارج کردیا گیا۔اسلام آباد کے تھانہ شالیمار نے یاسر شاہ کا نام ایف آئی آر سے خارج کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون نے اعتراف کیا کہ یاسر شاہ کا نام غلط بیانی کے باعث ایف آئی آر میں شامل ہوا،یاسر شاہ کا کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ ایف آئی آر کی ضمنی رپورٹ کے مطابق مدعیہ نے بھی یاسر شاہ کانام کیس سے نکالنے کا کہا۔خیال رہے کہ دسمبر2021 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کے دوست کے خلاف 14 سال کی لڑکی سے زیادتی کا مقدمہ درج کیا تھا جبکہ یاسرشاہ پر دوست کی معاونت اور لڑکی کو دھمکانے کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔زیادتی کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کی خاتون رشتے دار کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں یاسرشاہ پرزیادتی کے ملزم فرحان کی بھرپورمعاونت کرنے کا الزام لگایا گیا تھا اورکہا گیا تھا کہ یاسر شاہ نے دھمکی دی تھی کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹر ہے کسی سے شکایت کی توکسی بھی مقدمے میں پھنسا دے گا۔