
اسلام آباد،مسلم لیگ (ن)کے رہنما وسابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے پاس ملک چلانے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے ، نالائق و نااہل حکومت نے پاکستان کو بدانتظامی کی جہنم بنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے احسن اقبال نے کہا کہ آج پھر ایک نارووال ریفرنس میں پیش ہوئے، آج پتہ چلا انصاف کے نظام کی بجلی گل ہے اور جنریٹر بھی نہیں ہے، اور تاریخ دے دی گئی ہے،ملک کو بد انتظامی کا جہنم بنادیا گیا ہے، سانحہ مری ان کی بد انتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، مری میں سیاح ساری رات برف میں پھنسے رہے لیکن حکمران سوتے رہے اور بعض تنظیم سازی میں مصروف رہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان بے روزگاری کے ہاتھوں خود کشیاں کررہے ہیں اور وزیر اعظم خوشحالی کی طرف جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، لیکن وزیر خوشحال ہو رہے ہیں لیکن عوام بے روزگار ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم تقریریں اور اپوزیشن کی کردار کشی کے علاوہ کچھ نہیں کررہے، ان کے پاس ملک چلانے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان کوروناکے ساتھ کووڈ18 کا بھی شکار ہے، اس کووڈ 18نے ملک میں رہنے والوں کا جینا حرام کیا ہے، ملک میں نااہلی اور نالائقی کا کورونا ہے، 99 فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے اسٹیٹ بینک کو پاکستان کی معاشی خودمختاری قرار دیا تھا، اسٹیٹ بینک کے قانون کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ لوگ ہمیں آئی ایم ایف کا غلام بنانے جارہے ہیں، عوام کو اس غلامی کے خلاف آواز اٹھانی پڑے گی۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے ساڑھے تین سو ارب کے نئے ٹیکسسز لگانے کا فیصلہ کیا ہے، نئے ٹیکسوں سے مہنگائی کا سونامی آئے گا اور سرمایہ کار اپنا سرمایہ پاکستان سے نکال لیں گے، ان کی نالائقی ملک اور معیشت کو ڈبو رہی ہے ۔