
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے)کو ہدایت جاری کی ہے کہ مارگلہ نیشنل پارک میں قائم مونال ریستوران کی عمارت کو سیل کرے۔ منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مارگلہ نیشنل پارک میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ نیشنل پارک میں غیر قانونی تعمیرات کو ریگولرائز کر کے تباہ کر دیا گیا ہے، اب جو بچ گیا ہے اس کو کیسے بچائیں، یہ مکمل طور پر اشرافیہ کا قبضہ ہے، کیا وفاقی حکومت بے بس ہے؟ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ نیوی نے اسلام آباد کی سرکاری زمین پر گالف کورس بنا دیا، لاقانونیت نہیں ہونی چاہیے،غیر قانونی گالف کورس آج ہی سیل کر کے سی ڈی اے کے حوالے کیا جائے، جب یہ چیزیں رکیں گی عام آدمی خود قانون پر چلے گا۔ سیکرٹری دفاع نے عدالت کو بتایا کہ حکم پر عمل ہو گا اور نیوی کلب کو بھی ختم کیا جائے گا۔