
saudi delegation
اسلام آباد،وزیر اعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل (او پی اینڈ ایچ آر ڈی)محمد ایوب آفریدی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ممبران پارلیمنٹ کے ہمراہ، سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی-اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے، ثقافت، روایات اور باہمی احترام و خیر سگالی پر مبنی ہیں۔ پاکستان کے عوام اور حکومت خادمین حرمین شریفین اور سعودی قیادت سے احترام اور محبت کا رشتہ رکھتے ہیں ۔افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی برادری کی فوری توجہ کا متقاضی ہے۔افعان عوام کی موجودہ حالت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں غذائی اجناس، ادویات، کپڑوں اور ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سعودی عرب کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو روکنے کے لیے سعودی عرب کے متحرک کردار اور گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے خصوصی اجلاس میں افغانستان کی فراخدلانہ امداد کے اعلان کو بھی سراہا۔ا سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی ترقی میں ایک شراکت دار کا کردار ادا کیا ہے، انہوں نے سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لیے حالیہ اقتصادی پیکج کو بھی سراہا اورپاکستان میں متفرق شعبوں میں بڑے پیمانے پر سعودی سرمایہ کاری کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کا مملکت میں کام کرنے والے پاکستانی تارکین وطن کو درپیش مسائل کے حل کے بارے میں مثبت لائحہ عمل خوش آئند ہے،سعودی عرب اور پاکستان اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے۔ اسپیکر اسد قیصر نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر بھارتی افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل علاقائی امن کے لیے ضروری ہے۔چیئرمین سعودی شوری کونسل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ نے شوری کونسل کے وفد کے پرتپاک استقبال پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ پاکستان مسلم امہ کو درپیش مسائل میں ہمیشہ سب سے آگے رہا ہے اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان کو او آئی سی کے وزرا خارجہ کی کانفرینس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کانفرنس میں ہونے والے فیصلے افعانستان میں انسانی بحران پر قابو پانے میں اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔ انہوں نے افغانستان میں موجودہ صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ سعودی عرب علاقائی استحکام بالخصوص افغانستان کی غیر مستحکم صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ چئرمین کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے پارلیمان کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاھیے۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب میں افغانستان اور کشمیر پر پارلیمانی کانفرنس کے انعقاد کی تجویز پر اتفاق ہوا۔