
alim dar
آسٹریلیا کے سابق لیگ سپنر شین وارن پروفیشنل کرکٹ کو سالوں پہلے خیرباد کہہ چکے ہیں اور اب کمینٹری کے شعبے سے وابستہ ہیں لیکن اب بھی وہ نئے تنازعات کھڑے کرنے سے باز نہیں آتے۔شین وارن کا شمار اپنے وقت کے کامیاب ترین لیگ سپنرز میں ہوتا تھا اور ٹیسٹ کیریئر میں 700 وکٹیں ان کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔لیکن اگر ان کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو وہ مختلف تنازعات سے بھرا ہوا ہے۔ انہیں 2003 میں ممنوعہ ادویات کے استعمال پر ورلڈ کپ سے قبل ایک سال کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔آسٹریلین لیگ بگ بیش میں ویسٹ انڈین کھلاڑی مارلن سیموئلز سے ان کا جھگڑا آج بھی یوٹیوب پر محفوظ ہے۔ جس میں شین وارن ویسٹ انڈین کھلاڑی کے لیے نازیبا الفاظ کرتے ہوئے اور ان کی شرٹ کھینچتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔اب انہوں نے علیم ڈار کو برا امپائر کہہ کر اپنے پاکستانی مداحوں کو بھی ناراض کر لیا ہے۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انگلش کھلاڑی سٹیورٹ براڈ آسٹریلوی بولر ایشٹن اگر کی گیند پر سلپ میں کیچ آوٹ ہوگئے ہیں لیکن پاکستانی امپائر علیم ڈار انہیں آوٹ نہیں دیتے۔اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے شین وارن نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ علیم ڈار کتنے برے امپائر تھے اور کتنے غلط فیصلے انہوں نے دیے۔