
saudi arab gift afghan
"افغانی عوام کے لئے زمینی اور فضائی پلوں کے ذریعے مستحقین تک انسانی امداد پہنچانے کے لئے خادم حرمین شریفین کی حکومت بڑی کاوشیں کر رہی ہے، اس حوالے سے کنگ سلمان ہیومنیٹیرین ایڈ اینڈریلیف سینٹر نے افغانستان کیلئے امدادی پیکج کے حوالے سے منصوبے کا آغاز کر دیا۔ منصوبے کا افتتاح تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کیا ۔سعودی عرب کی جانب سے 1920ٹن غذائی اور غیر غذائی اشیا سے لدے 200ٹرک پاکستان کے راستے افغانستان روانہ کئے گئے،غیر غذائی پیکیج میں 20000رضائیاں اور 10000کٹس شامل ہیں ۔ منصوبے سے 2لاکھ 80ہزار افغانی مستفید ہو سکیں گے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 30ہزارغذائی پیکجز اور 10000غیر غذائی پیکجز کی تقسیم سے افغانستان میں رہنے والے غریب اور مستحق افراد کی مدد ہوگی، سعودی عرب کے اس انسان دوست اقدام کو سراہتے ہیں، افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے اس قسم کے اقدامات اٹھانا انتہائی اہم ہیں۔ ہمارے افغانی بھائی اس وقت امداد کے منتظر ہیں، عالمی برادری بالخصوص ترقی یافتہ ممالک کو بھی سعودی عرب کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے افغانستان میں امداد کے منتظر لوگوں کی مدد کرنی چاہئے، افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے اس قسم کی کاوشوں میں تیزی لانیکی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر ،کنگ سلمان فاونڈیشن، پرنس سلمان اور کنگ سلمان بن عبدالعزیز کا اس امداد پر شکریہ ادا کرتا ہوں،سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، او آئی سی اجلاس بلانے اور اس کے انعقاد میں بھی سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کی اور افغانستان کی مدد کرنے کا اعادہ کیا، پاکستان بھی افغانستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، تمام ممالک کو اس وقت آگے آنا چاہئے اور افغانستان کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہئے، پاکستان، افغانستان کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھاتا رہے گا، سعودی سفیر نے سامان کی ترسیل میں تعاون فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ۔ ہر غذائی پیکج میں تمام ضروری اشیائے خوردونوش شامل ہیں جبکہ غیر غذائی پیکیج میں 20000رضائیاں اور 10000کٹس شامل ہیں۔