
maulana fazal ur rehman
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے 64 میں سے 44 نشستوں کے نتائج آگئے۔ جمعیت علما اسلام (ف) 14، تحریک انصاف(12)، اے این پی( 6)، آزاد امیدوار (6 )نشستوں پر کامیاب جبکہ مسلم لیگ (ن)3، پاکستان پیپلزپارٹی 1، جماعت اسلامی 1 اور تحریک اصلاحات پاکستان نے ایک سیٹ جیت لی۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواکے 17 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔بلدیاتی انتخابات میں 1 کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 862 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی جبکہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف)کئی محاذوں پر برتری میں ہے۔ خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق جمعیت علمااسلام 14تحصیل چیئرمین کی نشستوں کے ساتھ آگے جبکہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف 12نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پرہے۔عوامی نیشنل پارٹی کی 6اور جماعت اسلامی کی دوجبکہ دو آزاد ارکان بھی تحصیل چیئرمین منتخب ہوگئے۔میئر پشاور کے سب سے بڑے مقابلے میں اب تک جے یو آئی ایف کے زبیر علی سب سے آگے ہیں، 237 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق زبیر علی نے 24 ہزار 80 اور پی ٹی آئی کے رضوان بنگش نے 21 ہزار 148 ووٹ حاصل کیے ہیں۔نوشہرہ کی تحصیل پبی میں چیئرمین کی نشست کے لیے 65 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار غیور علی 9 ہزار 283 ووٹ لے کر آگے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار اشفاق احمد 9 ہزار 169 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔بنوں میں بھی سٹی میئر کے الیکشن میں جے یو آئی ف کو برتری حاصل ہے۔ غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق جییو آئی کے امیدوار عرفان اللہ 37 ہزار سے زائد ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں۔ پی ٹی آئی کے اقبال جدون 24ہزار ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہیں۔کوہاٹ میں سٹی میئر کے الیکشن میں جے یو آئی ف آگے ہیں۔ غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق جے یو آئی کے امیدوار شیر زمان 19 ہزار ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر، آزاد امیدوار شفیع اللہ کا 18 ہزار ووٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہیں۔مردان میں سٹی میئر کے انتخاب میں اے این پی کو واضح برتری حاصل ہے۔ غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار حمایت اللہ 27ہزار سے زائد ووٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ جے یو آئی کے امانت شاہ 18 ہزار ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل گزشتہ روز مکمل ہوا۔جن اضلاع میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے، ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، خیبر، مہمند، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، بونیر، ٹانک اور باجوڑ شامل ہیں۔پولنگ کا عمل گزشتہ روز صبح 8 بجے شروع ہوا جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہا۔صوبے کے قبائلی اضلاع کے عوام نے تاریخ میں پہلی بار اپنے بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے کے لیے ووٹنگ میں حصہ لیا۔بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات کے لیے 9 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز اور تقریبا 29 ہزار پولنگ بوتھ قائم کیے گئے، جن میں سے 2 ہزار 500 سے زائد کو انتہائی حساس اور 4 ہزار 100 سے زائد پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا۔مجموعی طور پر 19ہزار 282 امیدوار 2 ہزار 359 ولیج اور نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر انتخاب میں حصہ لیا جبکہ وی سی این سیز کی اتنی ہی نشستوں کے لیے خواتین امیدواروں کی تعداد 3 ہزار 905 ہے۔