
governor sindh
کراچی(آئی این پی) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں عیسائیوں سمیت تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں،ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے پاکستان میں تمام کمیونٹیز کو مل کر کام کرنا ہوگا اور ہم سب کو افہام و تفہیم کے ساتھ اپنے ملک کی ترقی کے لیے محنت کرنی چاہیے۔ جمعہ کو گورنر ہاو س کراچی میں کرسمس کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی ایک سادہ اور پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے Bishop Frederick John اور دیگر کے ہمراہ کیک کاٹا اور کرسچن برادری کو مبارکباد دی۔ اس موقعہ پر رکن صوبائی اسمبلی سنجے گنگوانی بھی تقریب میں شریک تھے، جبکہ مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عیسائیوں سمیت تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ گورنر سندھ نے مذید کہا کہ ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے پاکستان میں تمام کمیونٹیز کو مل کر کام کرنا ہوگا اور ہم سب کو افہام و تفہیم کے ساتھ اپنے ملک کی ترقی کے لیے محنت کرنی چاہیے۔