
ch pervez elahi
پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ دوران اجلاس محکمہ مواصلات و تعمیرات سے متعلق سوالات دریافت کئے گئے جن کے جوابات متعلقہ وزیر نے دیئے۔ وقفہ سوالات سے قبل سیالکوٹ فیکٹری میں سری لنکن منیجر کو توہین مذہب کے الزام میں تشدد کرکے ہلاک کرنے پر سپیکر نے تعزیتی طور پر ایوان میں کھڑے ہو کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کروائی۔ سپیکرچوہدری پرویز الٰہی نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توہین مذہب کے الزام میں فیکٹری منیجر کا قتل افسوسناک اورقابل مذمت ہے، سیالکوٹ کے ہولناک واقعے پر پوری قوم انتہائی صدمے میں ہے، اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو امن و سلامتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور تشدد سے منع کرتا ہے، اس فعل کے ذمہ داروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے وزیر قانون محمد بشارت راجہ کو ہدایت کی کہ پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس کے دوران اس واقعے سے متعلق عام بحث کیلئے ایک دن مختص کیا جائے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ ملک میں توہین مذہب سے متعلق قوانین موجود ہیں، حملہ آوروں نے ان قوانین کی بھی توہین کی ہے، یہ انتہائی دکھ اور افسوس کی بات ہے کیونکہ ہم نے پاکستان میں بڑی مشکل سے محبت، رواداری اور امن کا ماحول قائم کیا ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے ایوان میں آرڈیننس لوکل گورنمنٹ پنجاب 2021 ایوان میں متعارف کروایا جسے سپیکر نے متعلقہ کمیٹی کو ریفر کر دیاجبکہ مسودہ قانون ساتھ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیرہ غازی خان 2020 (مسودہ قانون نمبر 43 بابت 2021)، مسودہ قانون تھل یونیورسٹی بھکر 2021 (مسودہ قانون نمبر 23 بابت 2021)، مسودہ قانون اشیائے ضروریہ میں سٹے بازی کی روک تھام پنجاب 2021 (مسودہ قانون نمبر 32بابت 2021) ایوان میں پیش کیے جو کثرت رائے سے منظور کر لیے گئے۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بروز جمعرات مورخہ 16 دسمبر 2021 کو دوپہر ایک بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا۔ قبل ازیں سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب اسمبلی کے 38 ویں اجلاس کے دوران ہونے والے اہم امور کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، ارکان اسمبلی میاں محمد شفیع، ملک ندیم کامران اور خلیل طاہر سندھو نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایوان کو افہام و تفہیم سے چلانے پر اتفاق کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ بحیثیت سپیکر ایوان کے تقدس کو قائم رکھنا میرا فرض ہے جبکہ ایوان میں قواعد و ضوابط پر عمل کرنا تمام ارکان کی ذمہ داری ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے۔