
lubna qureshi
پاکستان مسلم لیگ (ق) ہیومن رائٹس ونگ کی مرکزی صدر لبنیٰ قریشی اور مسلم لیگ (ق)جنوبی افریقہ کے صدر ماجد مکیانہ کے مابین اسلام آباد میں پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات ہوئی جس میں پارٹی امور اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ق) گجرات کے جنرل سیکرٹری شہزاد گل بھی موجود تھے ۔ملاقات میں ماجد مکیانہ نے لبنیٰ قریشی کو صدر ہیومن رائٹس بننے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ ایک محنتی اورمتحرک کارکن ہیں جنہوں نے ہر فورم پر پارٹی پالیسی کو اجاگر کیا ۔ لبنیٰ قریشی نے کہا کہ پارٹی قائدین نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گی ۔گفتگو کے دوران مسلم لیگ ق جنوبی افریقہ کے صدر ماجد مکیانہ نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے حوالے سے بتایا کہ جنوبی افریقہ سے کورونا کی نئی قسم نے دنیا بھر کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے ، اب پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پہلے کیس کی تصدیق کر دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے ایس اوپیز پر عمل درآمد بہت ضروری ہے ۔قبل ازیں لبنیٰ قریشی نے پارٹی رہنما چوہدری وجاہت حسین سے بھی ملاقات کی اور ان سے چوہدری شجاعت حسین کی صحت بارے دریافت کیا۔