
اسلام آباد ،پاکستان مسلم لیگ(ق)ہیومن رائٹس ونگ کی مرکزی صدر لبنی قریشی نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور اسے زندگی گزرنے کے لیے ایک ضابطہ حیات دیا ہے ، اللہ تعالی کے بنائے ضابطہ حیات میں انسانی حقوق سرفہرست ہیں، تمام مذاہب و مباحثہ کا محور حرمت انسانی ہے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا خطبہ الوداع حقوق العباد اور ضابطہ حیات کا بنیادی جزو ہے جس نے آقا اور غلام کے فرق کو مٹادیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسلام ہی تھا جس نے پہلی بار انسانی حقوق کو اپنے ضابطہ قانوں کا لازمی جز قرار دیا،جس نے ایک منصفانہ اور شمولیتی معاشرے کیلئے ضروری قانونی بنیاد فراہم کر دی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے قران پاک میںانسانی حقوق کا ایک مکمل ضابطہ حیات متعین کیا ہے جسں میں انسانی حقوق کو پورا کرنے کی سخت وحید فرمائی ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی ناقابل فہم ہے۔لبنی قریشی نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی عوام پر ہونے والے مظالم اور بربریت انسانیت کی تذلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہزاروں بے گناہ معصوم بچوں کا قتل اور خواتین کی عصمت دری کے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں۔ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔صدر پاکستان مسلم لیگ (ق)ہیومن رائٹس ونگ نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کا عالمی دن ہر سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ کے عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے، یہ دن جمہوری شعور رکھنے والے شہریوں کی جانب سے برداشت کے کلچر کو فروغ دینے،انسانی حقوق اور متنوع اور کثرت رائے کے احترام کے حوالے سے اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششوں کو تیز کرنے کے کے عزم کی تجدید کی یاددہانی کا موقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سابقہ دورحکومت میں انسانی حقوق کے حوالے سے بہت سے اقدامات اٹھائے گئے۔چوہدری برادران نے بچوں اور خواتین کے تحفظ اور مظلوم طبقہ کے حقوق کے لئے کام کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ق)کے منشور میں جمہوریت، ڈویلپمنٹ، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اورتمام مذاہب کے لیے برابری کے حقوق جیسے نکات شامل ہیں۔