PK Press

استاد امانت علی کو بچھڑے 48برس بیت گئے

ustad-amanat-ali-khan

استاد امانت علی کو بچھڑے 48برس بیت گئے
انشاجی اٹھو اب کوچ کرو جیسی مشہور زمانہ غزل گانے والے پٹیالہ گھرانے کے معروف گائیک استاد امانت علی خان کو مداحوں سے جدا ہوئے 48برس بیت گئے لیکن ان کی دلکش آواز کا سحر آج بھی برقرار ہے۔
ملک کے معروف گائیک 1922 کو متحدہ پنجاب کے علاقے ہوشیار پور میں پیدا ہوئے، انہوں نے کلاسیکی موسیقی کی تعلیم اپنے والد استاد اختر حسین سے حاصل کی۔
کلاسیکی گائیک ہونے کے ساتھ ساتھ استاد امانت علی نے غزل گائیکی کو بھی ایک نیا انداز دیا اور ہلکی پھلکی غزلوں میں کلاسیکی رنگ ڈال کر غزل کی گائیکی کو منفرد بنا دیا۔
استاد امانت علی کو فن موسیقی کی ہر صنف پر عبور حاصل تھا، یہی وجہ ہے کہ ان کے گائے ہوئے گانے فن گائیکی میں مثال بن گئے۔
استاد امانت علی خان نے اپنے بھائی استاد فتح علی خان کے ساتھ مل کر خیال اور ترانہ کی گائیکی کو انتہائی مہارت سے مقبول کیا، دونوں بھائیوں نے کئی تمغے اور اعزازات اپنے نام کئے۔
جبکہ ان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ملی نغمہ ‘اے وطن پیارے وطن آج بھی ملک کے دیگر نغموں کی نسبت روز اول کی طرح مشہور اور ہر پاکستانی کا پسندیدہ ہے۔
ہونٹوں پہ کبھی ان کے میرا نام ہی آئے، موسم بدلا رت گدرائی اہل جنوں بے باک ہوئے، مری داستان حسرت وہ سنا سنا کے روئے اور یہ آرزو تھی کہ تجھے گل کے روبرو کرتے جیسے گیت ان کی فنی مہارت کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں۔

چاند میری زمیں پھول میرا وطن اور اے وطن پیارے وطن جیسے ملی نغموں نے ان کی شہرت کو چار چاند لگائے لیکن ابن انشا کی غزل ’ انشا جی اٹھو اب کوچ کرو‘ جب انہوں نے گائی تو جو شہرت انہیں ملی اس کی دوسری مثال ڈھونڈنا آسان نہیں ہے۔

استاد امانت علی خان کے فن کی پختگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آج بھی ان کے گیت لوگوں کو شدت جذبات سے مغلوب کر دیتے ہیں۔

پٹیالہ گھرانے کا یہ خوبصورت گلوکار 17 ستمبر 1974 کو 52 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملا۔
ان کا نام پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیائے موسیقی کا وہ نام ہے جو برسوں پہلے بچھڑ جانے کے باوجود آج بھی اسی طرح تازہ ہے ۔
استاد امانت علی کے بعد ان کے بیٹے اسد امانت نے اپنے والد کے فن کو زندہ رکھا، لیکن وہ بھی جوانی میں ہی راہی جنت ہوئے، اسد کا انتقال آٹھ اپریل 2007 کو لندن میں ہوا۔
اب شفقت امانت علی اور رستم فتح علی پٹیالہ گھرانے کے انداز کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

براہ کرم ہمیں فالو اور لائک کریں:

پڑھنے کے پچھلے

امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان جوہری آبدوز تعاون کے "سات مسائل” پر توجہ مرکوز

پڑھنے کے اگلے

وزیراعظم نومبر میں نئے آرمی چیف کا تقرر کریں گے، وزیر دفاع

ایک جواب دیں چھوڑ دو

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔