
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم آزاد کشمیرسردار تنویر الیاس نے حریت رہنما یاسین ملک کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑنے کا اعلان کردیا۔اپنے ویڈیو بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کے مقدمے پر تمام اخراجات آزاد کشمیر حکومت برداشت کرے گی، ان کی سزا کیخلاف ہر عالمی فورم کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔سردار تنویر الیاس نے کہا کہ یاسین ملک کی سزا پر او آئی سی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں، تمام عالمی فورمز متفق ہیں کہ کشمیریوں کی تحریک ایک جائز تحریک ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یاسین ملک نے بندوق کا راستہ چھوڑ کر پرامن جدوجہد شروع کی، بھارتی حکمران حریت رہنما کے ساتھ بیٹھنے کو اعزاز سمجھتے تھے، کشمیری قوم یاسین ملک کی سزا کو قبول نہیں کرے گی، کشمیری حضرت امام حسین کی راہ پر چل کر قربانیاں دے رہے ہیں۔