PK Press

پشاور: جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے اجتماع کے دوران خودکش حملہ 56 افراد شہید

پشاورکے قصہ خوانی بازار میں واقع جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 56 افراد شہید اور 194 زخمی ہوگئے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور کے معروف قصہ خوانی بازار کوچہ رسالدار میں واقع جامع مسجد میں ایک خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخلے کے دوران ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، جس پر دوسرے پولیس اہلکار نے مزاحمت کی تو حملہ آور نے اس پر بھی فائرنگ کردی بعدازاں حملہ آور نے مسجد کے اندر داخل ہوکر پہلے فائرنگ کی پھر خود کو دھماکے اسے اڑالیا۔

دھماکے اور فائرنگ کے سبب 56 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئے، امدادی اداروں نے زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے ایس ایس پی آپریش ہارون رشید نے دھماکے کے خودکش حملہ ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ مسجد کے دروازے پر سیکیورٹی کے لیے دو پولیس اہلکار تعینات تھے، حملہ آور ایک تھا جس نے آتے ہی پولیس پر فائرنگ کرکے ایک اہلکار کو شہید کردیا جب کہ دوسرا اہلکار حملہ آور کو روکنے کی کوشش کے دوران زخمی ہوگیا۔
تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے پشاور دھماکے کی ابتدائی معلومات سامنے آگئیں جن کے مطابق خودکش حملے میں بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔ ٹیم کے مطابق حملہ آور کا اسلحہ بھی جائے وقوع سے مل گیا جو کہ نائن ایم ایم پستول ہے۔

پشاور دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شلوار قیمص پہنا ہوا حملہ آور پیدل چلتا ہوا آیا، نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہوا، اس نے پہلے ایک پولیس اہلکار پر فائرنگ کی جس سے اہلکار شہید ہوگیا پھر دہشت گرد نے مسجد کے اندر جاکر بھی فائرنگ کی اور دھماکا کردیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔وزیراعظم نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ایران نے پشاور میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حملوں کا مقصد مسلمانوں میں تقسیم پیدا کرنا ہے ۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے ایک بیان میں اس المناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

براہ کرم ہمیں فالو اور لائک کریں:

پڑھنے کے پچھلے

چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی 13ویں قومی کمیٹی کا پانچواں اجلاس شروع

پڑھنے کے اگلے

آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ سپنر شین وارن انتقال کرگئے

ایک جواب دیں چھوڑ دو

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔