
پاکستان میں فیس بک استعمال کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ نے پاکستانی صارفین کے لیے بھی ویڈیوز سے پیسے کمانے کی سہولت یعنی مونیٹائزیشن شروع کر دی ہے اور صارفین کو اپنے بینک اکاونٹس کو رجسٹر کرنے کا آپشن دے دیا ہے۔
غیر ملکی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کی ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ فیس بک سے آمدنی حاصل کرنے کے اقدامات کے حوالے سے ان کی بات چیت ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ فیس بک کے علاوہ یوٹیوب اور گوگل اشتہارات اور مونیٹائزیشن یعنی مواد کے ذریعے پیسے کمانے کے منصوبے کے تحت مواد تیار کرنے والوں کو رقم فراہم کرتا ہے جس سے پہلے ہی بیسیوں ہزاروں پاکستانی خطیر رقم کما رہے ہیں۔
پاکستان میں اپنا فیس بک پیج چلانے اور اس پر ویڈیوز سمیت دیگر مواد شیئر کرنے والے متعدد ایڈمنز نے بتایا کہ فیس بک نے ان کے پیجز کے لیے اِن سٹریم اشہارات کی سہولت دے دی ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ اردو کو ان زبانوں میں شامل کر دیا گیا ہے جن کی ویڈیوز کو اب مونیٹائز کیا جاسکے گا اس کے علاوہ پاکستانی بینک اکاونٹس کی تفصیلات بھی فیس بک نے تسلیم کرنا شروع کر دی ہیں۔
دوران انٹرویو میٹا ترجمان نے کہا کہ فیس بک انتظامیہ ایک پائیدار ڈیجیٹل معیشت کی تعمیر کے لیے حکومت پاکستان کے وژن سے اتفاق کرتی ہے۔ پلیٹ فارم ہم کنیکٹیویٹی انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل اپ سکلنگ پروگراموں میں سوچی سمجھی سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں ایک پائیدار ڈیجیٹل معیشت کی تعمیر کے حکومت پاکستان کے وژن کا اشتراک کرتے ہیں، اور پاکستان میں ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کو تیز کرنے میں مدد کے لیے ان کے ساتھ شراکت داری کریں گے۔دوسری طرف رابطہ کرنے پر پاکستان کی وزارت آئی ٹی کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال اس حوالے سے تبصرہ نہیں کر سکتے تاہم حکومت کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے سربراہ عمران غزالی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اطلاع کے مطابق ابھی تک مونیٹائزیشن کے حوالے سے فیس بک نے کوئی اعلان نہیں کیا لیکن فیس بک انہوں نے پاکستان میں ایک پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔