
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما وسابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری شافع حسین نے نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کا معاملہ ختم ہوجائیگا،
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اپوزیشن والے اب کہہ رہے ہیں کہ ہمیں ق لیگ کی ضرورت نہیں ان کے بغیر ہی عدم اعتماد کر لیں گے ، جو پہلے ملاقاتیں ہوتی رہیں وہ سیاسی تھیں ، سیاست میں دروازے کھلے رکھتے ہیں ،وزیراعظم سے ملاقات اچھی رہی ۔چوہدری شجاعت حسین نے جو شہباز شریف سے تین سوالات کئے تھے ان کا جواب ابھی تک نہیں ملا، پنجاب کی وزار ت اعلیٰ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے شہبازشریف سے پوچھا تھا کہ عدم اعتماد کامیاب نہ ہوئی پھر کیا ہوگا؟ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ساروں کو وقت ملا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان کو بھی وقت ملنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات بہت اچھی رہی انہوں نے دورہ روس ، مہنگائی ، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں پر بات کی ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ عوام کو مزید ریلیف دیا جائے ۔