PK Press

ٹیکس نہ دینے والے خبردار، ٹیکنالوجی کے ذریعے ان تک پہنچ رہے ہیں

وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس نہ دینے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ان تک پہنچنے والے ہیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کو اسلام آباد میں ملک کے پہلے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم راست کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ بہت سے لوگ ایسے ہیں جنہوں نے بڑی گاڑیاں رکھی ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے۔ ان کو خبردار کر رہے ہیں کہ ٹیکنالوجی کی وجہ سے ان کا ڈیٹا آ رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ساڑھے 22 کروڑ آبادی میں سے صرف 20 لاکھ افراد ٹیکس دیتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس نہ دینے والوں تک پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری 22 کروڑ آبادی ایک بہت بڑی طاقت ہے اگر ان کو معیشت میں لے آئیں۔ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت اس آبادی کو اپنا اثاثہ بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ راست کے ذریعے عام آدمی کو سہولت دے رہے ہیں کیونکہ عام آدمی بینکوں میں جانے سے ڈرتا ہے اور لوگوں کو بینک سے خوف آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال مکمل ہونے پر اس کا تجزیہ کریں گے کہ کیا ہمارے دور میں غربت کم ہوئی اور اگر خوشحالی ہوئی تو کیا اس کا پھل نیچے تک گیا۔ اگر ایسا ہوا تو اس کو کامیابی سمجھوں گا۔وزیراعظم نے کہا کہ سب سے زیادہ شکایات اوورسیز پاکستانیوں سے آتی ہیں کہ ان کو رقم پاکستان بھیجتے ہوئے مشکلات پیش آتی ہیں۔ یہ لوگ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔راست سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے شہریوں، کاروبار اور حکومتی اداروں کے مابین رقوم کی ترسیل و ادائیگی کے لیے بنایا گیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق راست کے تحت کم مالیت کی ریٹیل ادائیگیاں اور رقوم کی منتقلی ڈیجیٹل طریقے سے تیز اور سہل ہوں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مختلف مالیاتی اداروں جن میں کمرشل بنک، مائیلرو فنانس ادارے و بنک، حکومتی ادارے اور فِنٹیکس شامل ہیں کو وقت کی بچت کے ساتھ کم لاگت سے مرکزی سسٹم تک رسائی و رابط قائم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔حکام کے مطابق گذشتہ سال راست کے کاروبار و سرمایہ کاری کی سطح پر اجرا اور کامیابی کے بعد اس کا عام آدمی کی سہولت کے لیے شہریوں کی سطح پر اجرا کیا گیا ہے۔سٹیٹ بینک کے بیان کے مطابق راست کے اجرا سے عام آدمی کی بینکنگ چینلز اور الیکٹرانک ٹرانزیکشنز تک رسائی فوری اور آسان ہوگی۔

براہ کرم ہمیں فالو اور لائک کریں:

پڑھنے کے پچھلے

وزیراعظم میری سیاسی ملاقاتوں سے نہیں بلکہ ملکی تباہی و مہنگائی سے گھبرا گئے ہیں، شہباز شریف

پڑھنے کے اگلے

کامران سیفی مسلم لیگ ق راولپنڈی سٹی کے صدر ،عاطف شاہ جنرل سیکرٹری نامزد

ایک جواب دیں چھوڑ دو

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔