PK Press

خالد اقبال ملک آئی سی سی آئی فائونڈر گروپ کے نئے چیئرمین منتخب

خالد اقبال ملک آئی سی سی آئی فائونڈر گروپ کے نئے چیئرمین منتخب ہو گئے
محمد شکیل منیر، جمشید اختر شیخ، محمد فہیم خان اور دیگر کی نومنتخب چیئرمین کو مبارک باد
اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر خالد اقبال ملک آئی سی سی آئی فائونڈر گروپ کے نئے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں فائونڈرگروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین میاں اکرم فرید نے نومنتخب چیئرمین خالد اقبال ملک سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔حلف لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے خالد اقبال ملک نے فائونڈر گروپ کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اعتماد کیا اور ان کو گروپ چیئرمین منتخب کیا ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ فائونڈر گروپ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے اور گروپ ممبران کی مشاورت سے تمام اہم فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تجربے کی روشنی میں اسلام آبا د چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کو بزنس کمیونٹی کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے رہنمائی فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوںنے فائونڈر گروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین میاں اکرم فرید کی گروپ اور چیمبر کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر گروپ کو مزید موثر بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ٹریڈ ٹو جی ٹی پی شرح صرف 30فیصد ہے جو دنیا میں بہت کم ہے ۔ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل سمیت چند مصنوعات کی برآمدات صرف امریکہ ، یورپ، چین اور چند دیگر ممالک تک محدود ہیں لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مزید مصنوعات کی برآمدات کو ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں فروغ دینے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے تا کہ ہماری برآمدات صلاحیت کے مطابق فروغ پا سکیں جس سے معیشت بہتر ہو گی۔ فائونڈر گروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اپنے خطا ب میں گروپ کے تمام اراکین اور چیمبر کے ممبران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گروپ کے معاملات کو بہتر طریقے سے چلانے کیلئے ہمیشہ ان کے ساتھ تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں جمہوری طریقے سے گروپ کے معاملات کو چلانے کی کوشش کی ہے اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے خالد اقبال ملک کو گروپ کا نیا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے چیمبر کی بہتر رہنمائی فرماتے رہیں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر، سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ ، نائب صدر محمد فہیم خان اور دیگر نے اپنے خطاب میں خالد اقبال ملک کو فائونڈر گروپ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں فائونڈر گروپ مزید مضبوط ہو گا۔ انہوں نے فائونڈر گروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین میاں اکرم فرید کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اسلام آباد کی تاجر وصنعتکار برادری میں ہمیشہ اتحاد قائم رکھا اور چیمبر کو اپنے معاملات بہتر طریقے سے چلانے کیلئے ضروری رہنمائی فراہم کی۔ خالد جاوید، زبیر احمد ملک، طارق صادق،ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، ناصر قریشی، زاہد مقبول، شیخ عامر وحید، محمد احمد، چوہدری نصیر احمد، اجمل بلوچ، ملک سہیل حسین، محمد نوید ملک ، خالد چوہدری ، چوہدری مسعوداور مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے صدور سمیت تاجر برادری کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے خالد اقبال ملک کو فائونڈر گروپ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

براہ کرم ہمیں فالو اور لائک کریں:

پڑھنے کے پچھلے

کالا باغ ڈیم کی تعمیر اب ناگزیر ہو چکی ہے:مونس الٰہی

پڑھنے کے اگلے

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 27 افراد دم توڑ گئے

ایک جواب دیں چھوڑ دو

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔