
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کرلی۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عامر لیاقت حسین نے اپنی تیسری شادی کی اطلاع دی اور اہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر کی۔عامر لیاقت نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ گزشتہ روز 18 سالہ دانیہ شاہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔اہلیہ کے تعارف میں عامر لیاقت نے لکھا کہ دانیہ کا تعلق لودھراں کے ایک معزز نجیب الطرفین سادات خاندان سے ہے۔عامر لیاقت نے اپنی پوسٹ میں سرائیکی خاندان کی تعریف کی اور مداحوں سے اپنے اور اہلیہ کے لیے دعاوں کی درخواست بھی کی۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کی ایک تاریک سرنگ سے گزرچکے ہیں جو ایک غلط موڑ تھا۔خیال رہے کہ عامر لیاقت کی دوسری بیوی اداکارہ اور ماڈل طوبیٰ انور نے عامر لیاقت سے رشتہ ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے خلع لے لی ہے۔ طوبیٰ انور جو عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ تھیں انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عامر لیاقت سے علیحدگی کی تصدیق کی۔طوبیٰ نے لکھا کہ میرے قریبی رشتے دار اور دوست اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ میں نے 14 ماہ قبل ہی شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، جس کے بعد صلح کی کوئی صورت نظر نہیں آئی۔طوبیٰ انور نے لکھا کہ کوئی راستہ نہ ملنے پر انہوں نے مجبورا علیحدگی (خلع)لی، یہ مشکل وقت ضرور ہے مگر یقین ہے کہ اللہ نے یہ بہتر ہی فیصلہ کیا ہوگا۔ اس کیساتھ ہی انہوں نے اپیل کی کہ میں مشکل میں ہوں لہذا میری پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی پروگراموں کے میزبان عامر لیاقت اور طوبیٰ انور 2018 میں ازدواجی بندھن میں بندھے تھے، جس کے بعد عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ نے ان سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔