PK Press

جدید سہولیات سے مزئین،خوبصورت،ترقی یافتہ دارالحکومت ہمارا مقصد ہے،ڈاکٹر محمد امجد

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق وفاقی وزیراور اسلام آباد گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ جدید سہولیات سے آراستہ، خوبصورت اور ترقی یافتہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ہمارا مقصد ہے، مختلف سیکٹرز،شہری اور دیہاتی علاقوں میں تفریق کی بنیاد پر سہولیات کی فراہمی کا خاتمہ کروائیں گے۔ شہری علاقوں پر بڑھنے والا بوجھ کم کرنے کے لئے دیہی علاقوں میں شہر جیسی سہولیات فراہم کریں گے۔22سال سے ذاتی حیثیت میں شہر کے لوگوں کی خدمت کی۔ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ رضوان صادق، چوہدری محمد شفیق،کنور دلشاد، چوہدری جہانگیر، ڈاکٹر حسن سروش، اجمل بلوچ ، چوہدری اسد محمود اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ فلاحی ادارہ شیلٹر اور پی ایم ایف کے پلیٹ فارم سے 22سال سے اسلام آباد کے شہری اور دیہاتی علاقوں کے رہائشیوں کے مسائل حل کئے۔کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق اور بجلی کے میٹرزلگوائے۔ بچیوں کو ہنر سکھانے کے ادارے قائم کئے۔ اپنے تعلقات کی بنیاد پر اس وقت کی حکومت سے اسلام آباد کے لئے8.2ارب کا پیکج منظور کروایا جس سے شہر میں جدت آئی اور دیہاتوں میں گلیاں اور سڑکیں پختہ ہوئی۔ اسلام آباد اور اس کے شہریوں کو بے پناہ مسائل درپیش ہیں جو حل کرنے ہیں۔ دیہاتوں میں شہر جیسی سہولیات دینی ہیں تا کہ شہری علاقوں پر بوجھ کم ہو۔مختلف سیکٹرز اور شہری اور دیہاتی علاقوں میں سہولیات کی تفریق کا خاتمہ کرنا ہے۔G-6میں سرکاری ملازمین کے کوارٹروں کا مسئلہ طویل مدتی بنیادوں پر حل کروانا ہے۔ کچی آبادیوں اور کرسچئن کمیونٹی کے لئے متبادل رہائشی سہولیات کی فراہمی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل، شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے کے لئے کچرا اور فضلہ ہٹانے کا موثر نظام اور ہائوسنگ سوساٹیوں کو ماسٹرپلان کے تحت لانے جیسے دیگر اہم اقدامات کرنے ہیں۔ اس مقصد کے لئے اسلام آباد گروپ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس گروپ کے کوئی سیاسی و ذاتی مقاصد نہیں بلکہ ہمارا خالصتاً مقصداسلام آبادکو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے دارالحکومتوں کی صف میں کھڑا کرنا ہے۔ باہر سے آنے والوں کو اس میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ شہر کا حلیہ بگاڑ دیا گیا ہے۔ ہمارے ساتھ مختلف سیاسی جماعتوںسے تعلق رکھنے والے اور دیہی اور شہری علاقوں کے لوگ موجود ہیں۔ ان سب کے ساتھ مل کر عام آدمی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے جو بھی حکومت ہو اس سے بات کریں گے۔

براہ کرم ہمیں فالو اور لائک کریں:

پڑھنے کے پچھلے

چین سے کہیں گے ہماری مدد کریں ، وزیر خزانہ شوکت ترین

پڑھنے کے اگلے

ملکہ پْکھراج کو دنیا چھوڑے 18 برس بیت گئے

ایک جواب دیں چھوڑ دو

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے