
maryam nawaz sharif
اسلام آباد،پاکستان مسلم لیگ (ن)کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ میاں محمد نوازشریف پاکستان واپسی کے لیے بے چین ہیں اور بہت جلد واپس آجائیں گے۔منگل کو احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے پاس اب بھی عوام کی جان چھوڑنے کا وقت ہے۔ عمران خان اپنی کارکردگی کے بوجھ تلے دب گئے ہیں اور اب وہ مزید اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔مریم نواز نے بتایا کہ نوازشریف بہت جلد واپس پاکستان آئیں گے۔خواہش ہے کہ وہ کل ہی واپس آجائیں اور وہ بھی واپسی کے لیے بے چین ہیں۔ پاکستان ان کا ملک اور مٹی ہے۔خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات پر انہوںنے کہا کہ مولانافضل الرحمان کی فتح ہماری فتح ہے اور بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مولانا فضل الرحمان کو مبارکباد دیتی ہوں۔ یہ پہلی حکومت ہے جو ایک کے بعد ایک ضمنی انتخاب ہاری ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کا ووٹ بینک خیبرپختونخوا میں موجود ہے۔اپنی جماعت کو کہوں گی کہ اس صوبے پر توجہ دیں،یہ صوبہ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے عذاب سے گزرا ہے،ترقیاتی منصوبے خیبرپختونخوا کے عوام کا حق ہیں۔اپنے کیسز سے متعلق مریم نوازنے بتایا کہ آج نیب نے التوا مانگا ہے کہ پراسیکیوٹر کی طبعیت خراب ہے۔ ایک وقت تھا کہ نیب دھونس اور دھاندلی چلا لیتا تھا۔ تاہم اب جب عدالت نے مریم نواز کے خلاف ثبوت مانگا تو وہ التوا مانگ رہے ہیں اورنیب کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ میرے خلاف سارے مقدمات جھوٹ پر مبنی ہیں۔انھوں نے کہا کہ قدرت نے سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھ جو کیا وہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔ انھوں نے پاکستان کے آئین کو توڑا اور کھلواڑ کی۔ تاریخ نے ان پر بدنامی کا لیبل لگادیا اور تاریخ ان کا غاضب کے طور پر یاد رکھے گی۔