
Sunny Butler, owner of Sunny’s Accessories, is pictured outside of her store days before the reopening of the U.S.-Mexico border to non-citizens, after 18 months of closure due to the coronavirus pandemic, in downtown El Paso, Texas on November 5, 2021. (Photo by PAUL RATJE / AFP)
امریکہ نے سفری پابندیوں کو ختم کرتے ہوئے مکمل ویکسین شدہ افراد کے لیے اپنی سرحدیں کھول دی ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ نے آٹھ نومبر سے پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کی کوشش میں امریکہ کی سرحدوں کو یورپی یونین، برطانیہ، چین، انڈیا اور برازیل سمیت دنیا کے بڑے حصوں سے آنے والے مسافروں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
میکسیکو اور کینیڈا سے بھی آنے والوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
کورونا وائرس کی وجہ سے لگائی گئی مہینوں تک نافذ رہنے والی پابندیاں لاکھوں لوگوں کے لیے ذاتی اور معاشی مسائل کا باعث بنی تھیں۔
برطانوی میاں بیوی ایلیسن اور ڈیوڈ ہینری کو گذشتہ برس اپنے بیٹے لیئم سے ملنے کے لیے نیویارک جانا تھا۔ لیکن انہیں نہیں معلوم تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ان کا سفر تقریباً دو سال تک کے لیے ملتوی ہوجائے گا۔
اس دوران انہوں نے اپنے بیٹے کی 30 ویں سالگرہ اور اپنی شادی کی 30 ویں سالگرہ بھی ساتھ منانے کا موقع گنوا دیا۔ جبکہ لیئم کو کورونا وائرس اور اہلیسن میں جلد کے سرطان کی تشخیص ہوگئی۔
آنکھوں میں آنسو لیے 63 برس کی ایلیسن نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’یہ بہت مشکل تھا۔‘
شمال مغربی انگلینڈ میں اپنے گھر میں امریکہ جانے کی تیاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں صرف اپنے بیٹے کو دیکھنا چاہتی ہوں۔‘
دونوں میاں بیوی ایلیسن کی 87 برس کی والدہ پیٹ سینڈرسن کے ہمراہ اگلے ہفتے یورپ سے امریکہ جائیں گے۔
واضح رہے کہ سابق صدر دونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نافذ کی جانے والی یہ پابندی موجودہ صدر جو بائیڈن نے جاری رکھی اور اس بڑے پیمانے پر تنقید کا سامنا ہے۔ سفری پابندیوں پر سب سے زیادہ اعتراض یورپ اور امریکہ کے پڑوسی کینیڈا اور میکسیکو کی جانب سے ہو رہا تھا۔